بھٹکل5؍جون (ایس او نیوز)ہوناور کے ایڈوکیٹ مہیش نائک نے ہائی کورٹ میں ایک عوامی مفاد کی عرضی(پی آئی ایل) داخل کی تھی کہ ہوناور کے بعض مقامات پر شراوتی ندی سے غیر قانونی طور پرریت نکالی جارہی ہے۔ جس سے ایک طرف کھارا پانی زرعی زمینوں میں داخل ہورہا ہے جس سے کھیتی باڑی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔دوسری طرف ندی کی گہرائی میں اضافہ ہورہا ہے جس سے مچھلیوں اور آبی جانداروں کی نشو و نما پر برے اثرات پڑ رہے ہیں۔ اور روایتی ماہی گیری کے لئے دشواریاں پیدا ہورہی ہیں۔
ہائی کورٹ نے اس کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ اس پر عمل کرنے کے لئے بنگلور سے مائنس اینڈ جیولوجی ڈپارٹمنٹ کی ایک تفتیشی ٹیم یہاں پہنچی۔ اس میں مذکورہ محکمہ کے خصوصی تحقیقاتی افسررنگاسوامی،جیو لوجسٹ اوما شنکر،مہانتیش وغیر ہ شامل تھے ۔ انہوں نے شراوتی ندی کے کنارے ریت نکالنے کے مختلف سائٹس پر پہنچ کر وہاں کا معائنہ کیا۔پھر وہاں سے بھٹکل تحصیلدار آفس میں پہنچ کر اپنی رپورٹ تیار کی۔
اس موقع پر ایڈوکیٹ مہیش نائک نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ غیر قانونی طور پر ریت نکالنے کی وجہ سے کھیتی باڑی اور ماحولیات کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس لئے عوامی مفاد کو سامنے رکھ کر میں نے انصاف کے لئے ہائی کورٹ کا درواز ہ کھٹکھٹایا ہے۔ اگر وہاں سے انصاف نہیں ملتا ہے تو پھر میں سپریم کورٹ تک جاؤں گا۔